حکومت کا ایم ایل ون منصوبے پر کام شروع کرنیکا اعلان

اسلام آباد(بیوروچیف) وزارتِ ریلوے نے قومی اسمبلی میں کراچی سے پشاور تک 1,726 کلومیٹر طویل مین لائن ون ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا تفصیلی منصوبہ پیش کردیا ہے۔حکومتی دستاویزات کے مطابق یہ میگا منصوبہ 5مراحل میں مکمل کیا جائے گا جس پر مجموعی طور پر 6.66ارب ڈالر لاگت آئے گی، منصوبے کے پہلے مرحلے میں480کلومیٹر طویل کراچی تا روہڑی ریلوے سیکشن پر کام شروع کیا جائے گا۔اسمنصوبے کی سنگ بنیاد تقریب رواں سال متوقع ہے، کراچی تا روہڑی سیکشن کی تعمیراتی لاگت تقریباً 2 ارب ڈالر مقرر کی گئی ہے جبکہ اس مرحلے کو 3 سال میں مکمل کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں 449کلومیٹر طویل روہڑی تا ملتان ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا، جس پر ایک ارب 26 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔وزارت نے بتایا کہ تیسرے مرحلے میں 334 کلومیٹر طویل ملتان تا لاہور سیکشن کی اپ گریڈیشن شامل ہے، اس حصے پر تقریبا 88 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے جبکہ اسے دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔چوتھے مرحلے کے تحت لاہور تا راولپنڈی ریلوے ٹریک کو جدید بنایا جائے گا، 289 کلومیٹر طویل اس سیکشن پر ایک ارب 56 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ 3 سال میں مکمل ہوگا۔آخری مرحلے میں 174 کلومیٹر طویل راولپنڈی تا پشاور ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، اس حصے پر 92 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی جبکہ اسے 2 سال میں مکمل کیا جائے گا۔حکومت کے مطابق ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کے ریلوے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، سفر کے دورانیے میں کمی اور مال برداری کے نظام کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں