حکومت کا سستی ترین گاڑی متعارف کرانے پر غور

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت پاکستان نئی آٹو پالیسی کے تحت سستی چھوٹی گاڑیوں کی نئی کیٹیگری متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے، جس کی قیمت موجودہ انٹری لیول کار سوزوکی آلٹو سے بھی کم ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق مجوزہ L6/L7کیٹیگری نئی آٹو انڈسٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی (AIDEP) 202631 کا حصہ ہے، جس کا مقصد موٹر سائیکل اور 660cc گاڑیوں کے درمیان موجود قیمت کے خلا کو پر کرنا ہے۔یہ منصوبہ خاص طور پر کم آمدنی والے طبقے، موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں اور پہلی بار گاڑی خریدنے والوں کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے، جو مہنگی گاڑیوں کے باعث مارکیٹ سے باہر ہیں۔اس مجوزہ کیٹیگری کے تحت گاڑیاں چھوٹی، ہلکی اور کم فیول خرچ کرنے والی ہوں گی، جو شہری علاقوں میں روزمرہ سفر کے لیے موزوں ہوں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف گاڑیوں کی ملکیت میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔پاکستان میں اس وقت سستی چار پہیوں والی گاڑیوں کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے بہت سے لوگ حفاظتی خدشات کے باوجود موٹر سائیکل استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔اگر اس تجویز کی منظوری دی گئی تو اس سے سستی سفری سہولت، ٹریفک کے مسائل میں کمی، مقامی آٹو انڈسٹری کی ترقی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں دستاویزی عمل کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔تاہم ذرائع کے مطابق یہ تجویز ابھی زیر غور ہے اور حتمی منظوری نہیں دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں