اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی آئینی عدالت سے حکومت کو بڑا ریلیف مل گیا۔ آئینی عدالت نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن رولز کی کالعدم شدہ دفعات بحال کردیں دفعات بحالی سے شہریوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا اختیار بحال ہو گیا۔ عدالت نے حکومت کا شہریوں کے پاسپورٹ غیرفعال قرار دینے کا اختیار بھی بحال کر دیا،عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا، حکومتی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔ جسٹس حسن اظہررضوی کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے فریقین کونوٹس جاری کردیئے۔جسٹس حسن اظہر رضوی نے استفسار کیا کہ کیا یہ ڈنکی لگا کر جانے والوں کا کیس ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامررحمان نے کہا کہ فرحان علی نامی شہری غیرقانونی طور پر ایران گیا جہاں سے ڈی پورٹ ہوا تھا، غیرقانونی اقدامات پر پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کیا گیا، پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام کی شمولیت اور پاسپورٹ غیرفعال ہونا چیلنج کیا گیا۔




