سرگودھا (بیورو چیف) ڈویژنل اسٹریٹجک ریزرو کمیٹی کا پہلا اجلاس کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر زرا عت ، ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک، کراپ رپورٹنگ، بینک آف پنجاب کے نمائندگان، متعلقہ افسران، کسان نمائندوں اور فلور ملز مالکان نے شرکت کی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت رواں سال ایگریگیٹر کے ذریعے کسانوں سے براہ راست 25 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدے گی جو کاشتکاروں سے کھیتوں سے گندم اٹھائیں گے، جبکہ خریداری 35 سو روپے فی من کے نرخ پر کی جائے گی۔ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک نے بتایا کہ ایگریگیٹر کی شمولیت کے لیے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں اور دلچسپی رکھنے والے ادارے مقررہ طریقہ کار کے مطابق اپلائی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی نئی گندم پالیسی کی تفصیلات، طریقہ کار اور شرائط سے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کیا گیا تاکہ خریداری کا عمل شفاف اور بروقت مکمل کیا جا سکے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں سال سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 16 لاکھ 84 ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی گئی ہے۔ بروقت بارشوں اور سازگار موسمی حالات کے باعث فی ایکڑ اوسط پیداوار 31 من متوقع ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مجموعی طور پر 62 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدیں گی۔ مزید بتایا گیا کہ چاروں اضلاع میں کھاد اور دیگر زرعی مداخل وافر مقدار میں مقررہ سرکاری نرخوں پر دستیاب ہیں۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ گندم خریداری کے تمام مراحل میں شفافیت، بروقت ادائیگی اور کسانوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ نجی خریداروں کی رجسٹریشن، وزن، کوالٹی چیک اور ادائیگی کے نظام کی روزانہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔




