جڑانوالہ (نامہ نگار) چیئرمین سائوتھ ریجن یوٹیلیٹی اسٹورز حافظ شعیب کا کہنا ہے کہ حکومت 80 یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کی آڑ میں 300ملازمین کا معاشی قتل عام نہ کرے جڑانوالہ سمیت ڈویژن فیصل آباد میں قائم80یوٹیلیٹی اسٹورز پر 300ملازمین روزگار کما رہے ہیں،حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے فیصلے نے نہ صرف سینکڑوں ملازمین کو بے روزگار کر دیا ہے بلکہ انکے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے پڑ چکے ہیں حکومت کا یہ اقدام سراسر ظلم و زیادتی کے زمرے میں اتا ہے یوٹیلیٹی اسٹورز پر کام کرنیوالے ملازمین نے اپنے زندگی کے 30سال ادارے کو دئیے ہیں مگر اب ملازمین کو بغیر کسی پیکج کے نکالنا انتہائی افسوناک امر ہے۔ چیئرمین سائوتھ ریجن یوٹیلیٹی اسٹورز حافظ شعیب کا کہنا ہے کہ ہمارا ادارہ سالانہ اربوں روپے کا ٹیکس ادا کرتا ہے حکومت کے اقدامات سے نہ صرف قومی خزانے کو ٹیکس کی مد میں سالانہ اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا بلکہ ملک میں بے روزگاری کی نئی لہر پیدا ہو گی حکومت نے اگر یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنا ہے تو ملازمین کیلئے ایسا پیکج دے جس سے وہ اپنے بچوں کی کفالت کر سیکں۔ مذکور کا مزید کہنا ہے کہ اگر کوئی فرد کرپشن میں ملوث ہے تو اسکے خلاف ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں سے تحقیقات کروائی جائیں اور کرپشن میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ مذکور نے حکومت پاکستان سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے فیصلے کو فی الفور واپس لیا جائے بصورت دیگر یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین حقوق کیلئے پرامن احتجاج کا حق حاصل رکھتے ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی اگر حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ فوری واپس نہ لیا تو قیادت کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔




