لاہور (بیوروچیف) خصوصی بچوں کی فلاح کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ڈی جی سپیشل ایجوکیشن کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کیساتھ میٹنگ میں پنجاب بھر میں خصوصی بچوں کی نشاندہی اور جامع ڈیٹا کی تیاری کے لیے ضلعی سطح پر رینڈم سروے کرانے کا فیصلہ کیاگیا،میٹنگ میں سماعت سے محروم خصوصی بچوں کو معیاری ہیئرنگ ڈیوائسز کی فراہمی کے عمل کا بھی جائزہ لیاگیا۔جدید اور بہتر تعلیم کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی اور اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی،اس موقع پرڈی جی سپیشل ایجوکیشن نے خصوصی بچوں کے روشن اور خودمختار مستقبل کے لیے اصلاحاتی اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ آٹزم کی تشخیص، تعلیم اور بحالی کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے جارہے ہیں۔ ڈی جی سپیشل ایجوکیشنلیفٹیننٹ (ر) شعیب خان جدون نے کہاکہ خصوصی بچوں کی فلاح کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، ہر ضلع میں خصوصی بچوں کا جامع ریکارڈ مرتب کروا رہے ہیں،ضلعی آفسران خصوصی بچوں تک تعلیمی سہولیات کی بروقت اور مساوی رسائی یقینی بنائیں،شفافیت، موثر منصوبہ بندی اور اعدادوشمار کی درستگی اولین ترجیح ہے۔ ڈی جی سپیشل ایجوکیشن نے اس موقع پر مزیدکہاکہ ہر خصوصی بچے کو معیاری تعلیم، جدید سہولیات اور مساوی مواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔




