ساہیوال ( بیوروچیف) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کہا ہے کہ خصوصی بچے معاشرے کا اہم اور باصلاحیت حصہ ہیں اورنصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شمولیت نہ صرف ان کا حق ہے بلکہ ایسے بچوں کی حوصلہ افزائی کر کے انہیں قومی دھارے میں بھی مؤثر طور پر شامل کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیشل اولمپکس کی جانب سے اسلام آباد میں منعقدہ نیشنل گیمز میں ایک گولڈ اور ایک سلور میڈل حاصل کرنے والے خصوصی بچے علی حسن کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام فلاحی تنظیم پرواز سوسائٹی نے کیا تھا۔اس موقع پر صدر پرواز سوسائٹی اویس اصغر، سی ای او فہیمہ فاطمہ، ممبر ساہیوال چیمبر آف کامرس چوہدری بہزاد سمیت خصوصی بچوں اور ان کے والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب میں سی ای او پرواز سوسائٹی فہیمہ فاطمہ نے تنظیم کی جانب سے ذہنی و نشوونما میں کمی کا شکار بچوں کے لیے کی جانے والی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سوسائٹی خصوصی بچوں کے لیے اسپورٹس سرگرمیوں اور فری میڈیکل کیمپس کا باقاعدگی سے انعقاد کرتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل گیمز میں 400 میٹر دوڑ میں گولڈ میڈل اور 800 میٹر دوڑ میں سلور میڈل حاصل کرنے والے علی حسن کی کوچنگ اور سپانسر شپ بھی پرواز سوسائٹی نے کی تھی جو ادارے کی اس شعبے میں عملی وابستگی کا ثبوت ہے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے اس موقع پر علی حسن کے لیے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا اور خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے خصوصی بچوں کے ساتھ مختلف ہلکی پھلکی کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کی جس سے بچوں نے بھرپور لطف اٹھایا جبکہ والدین نے اس اقدام کو سراہا۔




