فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر اینٹی ہراسمنٹ ایکٹ کے تحت صوبہ بھر میں آگاہی مہم جاری ہے۔خاتون محتسب پنجاب ڈاکٹر نجمہ افضل نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور کمشنر آفس کمیٹی روم میں مختلف اداروں میں قائم ہراسمنٹ کمیٹیز کے لئے تربیتی سیشن کی صدارت کی۔ کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی نمائندگی ایڈیشنل کمشنر کوآرڈ ینیشن تنویر مرتضیٰ نے کی۔گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد،نصرت فتح علی خاں ہسپتال،سوشل سکیورٹی ہسپتال،الائیڈ ہسپتال ون،ہیلتھ و ایجوکیشن،کالجز اور دیگر اداروں کی ہراسمنٹ کمیٹی کے فوکل پرسنز موجود تھے۔ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر خالد حسن،پرسنل سٹاف آفیسر خاتون محتسب پنجاب حافظ فاروق انور اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور خواتین کو محفوظ ماحول اور انصاف کی فراہمی پر زور دیا۔ڈاکٹر نجمہ افضل نے کہا کہ خواتین کو جائے ملازمت پر محفوظ اور باوقار ماحول فراہم کرنا اداروں کی ذمہ داری ہے۔ خواتین سادہ کاغذ پر بھی شکایت درج کرا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں قائم اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیوں کے اراکین کی استعداد کار (Capacity Building) میں اضافہ کرنے کے لئے تربیتی سیشنز منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ کمیٹی کے ممبران کو ہراسانی کے کیسز کی شفاف انکوائری کرنے، قانونی تقاضوں کو سمجھنے اور تفتیش کے درست طریقہ کار پر عمل کرنے کی تربیت دی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کام کی جگہوں پر خواتین کو محفوظ ماحول کی فراہمی اور انصاف کی فوری رسائی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کامیاب تربیتی سیشن کے انعقاد پر ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر خالد حسن کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیز کے ارکان کے بعض سوالوں کے جوابات بھی دیئے گئے۔




