فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد(GCUF) میں عالمی یومِ خواندگی 2026 کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم، ضلع فیصل آباد اور شعبہ تعلیم، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔ رواں سال عالمی یومِ خواندگی کا موضوع Literacy forPeople, Planet and Prosperity لوگوں، کرہ ارض اور خوشحا لی کے لیے خواندگی ہے، جس کا مقصد افراد کو بااختیار بنانے، پائیدار معاشروں کے قیام اور سماجی و معاشی ترقی میں خواندگی کے اہم کردار کو اجاگر کرنا ہے۔تقریب کے منتظمین میں نوید الحق، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی فیصل آباد اور ڈاکٹر بشری نورین، ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ تعلیم، جی سی یو ایف شامل تھے۔ تقریب میں شعبہ تعلیم کے اساتذہ و طلبہ، محکمہ خواندگی کے افسران و عملہ اور غیر رسمی بنیادی تعلیم کے اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔تقریب میں را ئو عبد الکریم، چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) فیصل آباد، ڈاکٹر عاصم محمود، ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز جی سی یو ایف، اور ڈاکٹر شمیلہ جاوید، چیئرپرسن شعبہ تعلیم جی سی یو ایف نے بطور معزز مہمان شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی فیصل آباد نوید الحق نے عالمی یومِ خواندگی کے موضوع لوگوں، کر ہ ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواندگی صرف پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت کا نام نہیں بلکہ یہ افراد کو بااختیار بنانے، ذمہ دار شہری بنانے، بہتر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار ترقی کی بنیاد فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے شرکا کو محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے قیام، دائر کار، جاری سرگرمیوں اور گزشتہ برسوں کی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول سے باہر بچوں، نوجوانوں اور بالغ افراد کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے غیر رسمی تعلیم کے مختلف پروگرامز پر عمل پیرا ہے۔ڈاکٹر شمیلہ جاوید، چیئرپرسن شعبہ تعلیم جی سی یو ایف نے محکمہ خواندگی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رواں سال کا موضوع تعلیم، انسانی ترقی اور پائیدار مستقبل کے باہمی تعلق کو اجاگر کرتا ہے۔ شعبہ تعلیم خواندگی کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے حکومت کے Each One, Teach One (ہر شخص ایک فرد کو پڑھائے) کے تصور کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے طلبہ معاشرے کے ناخواندہ افراد کو تعلیم دینے میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے محکمہ خواندگی اور جی سی یو ایف کے درمیان ایم او یو (MoU) کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا، چیف ایگزیکٹو آفیسر (DEA) فیصل آباد رائو عبد الکریم نے تقریب کے انعقاد پر دونوں اداروں کو مبارکباد پیش کی تعلیم یافتہ اور ترقی یافتہ پاکستان کے قیام کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جہاں ممکن ہو تعلیمی اداروں کی عمارتوں اور دستیاب سہولیات کو دوسری شفٹ میں غیر رسمی تعلیم کے لیے استعمال کرنے میں تعاون کیا جائے گا، تاکہ موجودہ تعلیمی وسائل سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔ڈاکٹر عاصم محمود، ڈین فیکلٹی انہوں نے جی سی یو ایف اور محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے پر زور دیاتقریب میں فیصل آباد میں ناخواندگی کے خاتمے اور یونیورسٹی و کمیونٹی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔تقریب کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ و طلبہ، محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے افسران و عملہ اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور خواندگی و تعلیم کی اہمیت کے حوالے سے عوامی آگاہی اجاگر کی۔ واک کے شرکا نے لوگوں، کر ارض اور خوشحالی کے لیے خواندگی کے پیغام کو عام کرنے اور معاشرے سے ناخواندگی کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔




