درود پاک پڑھنے سے بڑی سے بڑی مشکلات ٹل جاتی ہیں،مولانا طارق جمیل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد عزیزفاطمہ میڈیکل اینڈڈینٹل کالج میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے تمام پیچیدہ سیاسی، معاشی اور معاشرتی مسائل کا واحد حل اسلام کے آفاقی اصولوں پر عمل درآمد میں مضمر ہے اور مسلمانوں کی یہ ذمہ دار ی ہے کہ وہ ربیع الاول کے مبارک مہینے کے دوران جشن ولادت رسولۖ کے موقع پر محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی ۖ کی سیرت مطاہرہ پر عمل درآمد کا عہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی طرح ہم نے بھی اسلام کو چند مذہبی رسومات کی ادائیگی سے منسلک کر لیا ہے حالانکہ یہ ایک مکمل نظریہ حیات ہے جس میں زندگی کے ہر پہلو اور شعبے کا مکمل طورپر احاطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارہ ربیع الاول کے روز محض تقریبا ت منانے کی بجائے ہمیں اسلام پر اِس کی حقیقی روح کے مطابق عمل کرنے کا آغاز کرنا چاہیے تاکہ نہ صرف عالم اسلام کو درپیش مسائل حل ہوں بلکہ عالمی سطح پر بھی امن وامان کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے حضرت محمد ۖ کو وجہ تخلیق کائنات قرار دیا اور کہا کہ ان کی عملی زندگی قرآن کی مکمل تفسیر ہے اور ہم ان کی پیروی کر کے ہی پاکستانی معاشرے کو اسلامی سانچے میں ڈھال سکتے ہیں۔ درود پاک کی فضیلت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کے پڑھنے سے بڑی سے بڑی مشکل بھی ٹل جاتی ہے، اس لئے مسلمانوں کو خاص طور پر ربیع الاول کے مہینے میں کثرت سے درود پاک کا ورد کرنا چاہیے۔ انہوں نے اسلام میں عاجزی اور انکساری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ علم، عبادت اور مال کا تکبر ان کے تمام تر دنیاوی اور روحانی فیوض و برکات کو ضائع کر دیتا ہے، اس لئے ہمیں ہمیشہ عاجزی و انکساری سے کام لینا چاہیے۔انہوں نے حقوق العباد کے بارے میں کہا کہ نبی پاک ۖ نے ہمیشہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد پر بھی زور دیا کیونکہ لوگوں کی خدمت سے ہی اللہ کا قرب نصیب ہوتا ہے۔ آخرمیں مولانا طارق جمیل نے دعا فرمائی جبکہ منیجنگ ٹرسٹی میاں محمدادریس نے ٹرسٹی میاں عمران غفور،ایگزیکٹوڈائریکٹراعجازحسین،چیف آپریٹنگ آفیسرپروفیسرڈاکٹرمحمدسعید،پرنسپل پروفیسرڈاکٹرغلام عباس شیخ کے ہمراہ اعزازی شیلڈبھی پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں