اسلام آباد (بیوروچیف) موسلا دھار بارشوں اور بھارتی آبی جارحیت کے باعث ملک کے اہم دریائوں اور ندی نالوں میں پانی کے بہائو میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین صورتحال کے مطابق مختلف بیراجوں اور ہیڈ ورکس پر پانی کے بہائو کا گراف مسلسل اوپر جا رہا ہے۔دریائے سندھ میں کالا باغ ، چشمہ اور تونسہ بیراج پر پانی کی آمد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کالا باغ کے مقام پر پانی کی آمد 3لاکھ ایک ہزار 692 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 93 ہزار 852 کیوسک ہے جہاں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ چشمہ بیراج پر پانی کی آمد بڑھ کر 2 لاکھ 53 ہزار 348 کیوسک اور تونسہ بیراج پر2 لاکھ 19 ہزار 53 کیوسک تک پہنچ چکی ہے۔ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد ایک لاکھ 37 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ رسول بیراج پر بھی پانی کی آمد 21 ہزار 900 کیوسک تک بڑھ گئی ہے ۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہائو 66ہزار 300 کیوسک ہوچکا ہے جہاں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد میں اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں آمد ایک لاکھ 66 ہزار 748 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 48 ہزار698 کیوسک تک جا پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ ہیڈ خانکی پر بھی پانی کا بہائو بڑھ کر96 ہزار 756 کیوسک تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریائے راوی میں تمام اہم مقامات پر پانی کے بہائو میں اضافہ مسلسل جاری ہے۔ جسڑ کے مقام پر آمد و اخراج 5 ہزار 337 کیوسک ، شاہدرہ کے مقام پر 6 ہزار 592 کیوسک، ہیڈ بلونکی پر آمد 29 ہزار 60 کیوسک اور ہیڈ سدھنائی پر پانی کی آمد بڑھ کر 19 ہزار 125 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات اور مربوط اداروں کی جانب سے دریاں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ندی نالوں کے قریب واقع آبادیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




