دشمن دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھے گا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بنیان مرصوص معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج زندہ باد تحریک پاکستان نے پاک فوج زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا جس کی قیادت تحریک کے چیئرمین ایم ندیم پاشا نے کی’ ریلی میں رانا آصف ارشد خاں’محسن خان’ رانا اکرم فوجی’ رانا شریف فوجی’ حاجی نثار احمد’ عمران شہزاد’ زبیر خان اعظم نیازی کے علاہ سینکڑوں تنظیم کے ساتھیوں اور محب الوطن شہریوں نے شرکت کی’ ریلی مرکزی دفتر پاک فوج زندہ باد تحریک پاکستان جھنگ بازار فیصل آباد سے چوک گھنٹہ گھر تک گئی شرکاء نے قومی پرچم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصویریں اٹھائی ہوئی تھیں’ ریلی پاک فوج زندہ باد’ پاکستان پائندہ باد اور فیلڈ مارشل جیوے جیوے کے نعروں سے گونجتی رہی’ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاک فوج زندہ باد تحریک پاکستان ایم ندیم پاشا نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں بہادری اور جانبازی کے وہ جوہر دکھائے جس کی مثال نہیں ملتی’ انہوں نے کہا کہ ازلی دشمن جو عددی لحاظ سے ہم سے بہت بڑا ہے’ جس کے اندر غرور اور تکبر بھرا ھوا تھا’ اسے ایسا سبق دیا اور ایسی چھترول کی کہ وہ اسے تاقیامت بھول نہیں پائے گا اور دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا’ جس کی وجہ سے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے’ ایم ندیم پاشا اور دیگر مقررین نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں جنہیں ایسی دلیر محب الوطن اور شہادت کے جذبے سے سرشار فوج ملی ہے جو ملک وقوم کے تحفظ کیلئے اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کرتی اور سرحدوں پر سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح دشمنوں کے سامنے کھڑی ہے’ انہوں نے کہا کہ ہم ہر مشکل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انکے ایک اشارے پر اپنی جان و مال اور اولاد سب کچھ پیارے وطن پر قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں