فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دوستی نہ کرنے پر مشتعل نوجوان نے فائرنگ کر کے جواں سالہ لڑکی کو قتل جبکہ اسکی ساتھی کو بری طرح زخمی کر دیا، حملہ آور ہوائی فائرنگ کرتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ اسکی ساتھی کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گئوشالہ کی رہائشی اسماء فریدہ دختر عبدالمجید سمندری روڈ پر خیام کنارہ ہوٹل میں بطور ویٹر کا کام کرتی تھی اور اوباش ملزم احمد جو کہ اسکو دوستی کرنے کا کہتا تھا، اسکو بلاوجہ تنگ کرتا تھا، گزشتہ شب وہ مذکورہ ریسٹورنٹ سے چھٹی کر کے اپنی سہیلی مریم کے ہمراہ گھر جا رہی تھی کہ جب وہ ڈگرانواں روڈ پر پہنچی تو اوباش ملزم احمد ان کے پیچھے آ گیا اور اسماء فریدہ نے اسکو ڈانٹا تو دونوں میں تلخ کلامی ہو گئی تو ملزم احمد نے اپنے ساتھی فہد کے ہمراہ فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے دونوں لڑکیاں اسماء فریدہ اور مریم بری طرح زخمی ہو گئیں، جن کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ اسماء فریدہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئی جبکہ اسکی دوست مریم کو تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل کی تلاش شروع کر دی ہے۔




