فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج دلدار شاہ نے تھانہ چک جھمرہ کے دوہرے قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم شاہ زیب عرف زیبی کو سزائے موت اور 8لاکھ جرمانہ کی سز ا حکم سنا دیا۔ تفصیل کے مطابق 165 رب کے رہائشی انوار الحق نے بتایا کہ 9 سال قبل 15ستمبر 2017ء کو اس کا بیٹا احمد انوار اور اس کا دوست پیپر دینے کیلئے گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول چک جھمرہ جا رہے تھے کہ جب وہ سکول گیٹ کے باہر پہنچے تو ان کے تعاقب میں آنے والے ملزمان شاہ زیب عرف زیبی وغیرہ نے قاتلانہ حملے کا بدلہ لینے کی خاطرفائرنگ کر دی۔ کار میں بیٹھے احمد نواز اور اس کے دوست انیب یوسف گولیاں لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے، ملزمان ہوائی فائرنگ اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے اور دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس مقدمہ کی پیروی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے سابق صدر ایوب سیالوی کے بیٹے ملک محمد احمد سیالوی ایڈووکیٹ ہائی کورٹ’ ایل ایل بی آنرز (QAU)’ ایل ایل ایم (PD) نے کی۔ ملک محمد احمد سیالوی ایڈووکیٹ کا پہلا کیس تھا، جس پر انہوں نے فاضل جج کو دلائل پیش کرتے ہوئے مجرم کو سزا دلوائی۔




