راولپنڈی (بیوروچیف) سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں عزم استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کیخلاف بھرپور کارروائیاںجاری ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے فتنہ الخوارج کے 4 اہم دہشتگرد کمانڈر سمیت 9 خوارج جہنم واصل کر دیئے۔سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے پلنگ زئی، ندیم کوٹ، کوٹ خضری میں فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کیں، فتنہ الخوارج کے ہلاک اہم دہشت گرد کمانڈرز میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسی اور خارجی مفتوم شامل ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسزکی موثرکارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق عزم استحکام ویژن کے تحت جاری کارروائیوں کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے۔دریں ثناء ۔کرک (نامہ نگار) کرک میں پولیس پر فائرنگ سے ایس ایچ او بانڈہ داد شاہ داد خان اور گن مین شہید ہوگیا۔ڈی پی او کرک عمران خان کے مطابق تھانہ بانڈہ داد شاہ کی پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ کوہاٹ اور کرک کی بانڈری کے قریب نیو کڑپہ کے مقام پر مسلح افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ بانڈہ داد شاہ داد خان اور ان کا گن مین فرہاد شہید ہوگئے جب کہ ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا۔ڈی پی او نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔




