لاہور(بیورو چیف)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ٹانک میں مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشتگردحملے میں سکیورٹی اہلکاروں اور شہری کی شہادت نہایت المناک اور دل سوز خبر ہے ، آئے روز دہشتگردی اور بم حملوں کے واقعات قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کیلئے بہت بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں دہشتگردی گردی کی شدید لہر کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا،قومی اتحاد ، پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے مکالمے ، آئینی بالادستی ، سیاسی ، معاشی اور سماجی انصاف کی فراہمی سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے ، پاکستان کے دشمن ہم پر اندر سے حملہ آور ہیں، بدقسمتی سے ہماری توجہ ایک دوسرے کو رگیدنے اور طاقت کے ارتکاز پر مبذول ہے۔ انہوںنے کہا کہ آئین پاکستان کو تسلیم کرنے والے ایک دوسرے سے برسر ِ پیکار ہونے کی بجائے پاکستان کی سلامتی کو درپیش سنگین چیلنجز کا مقابلہ کریں ،حکومتیں ، ادارے ، روزگار اور تحفظ وطن عزیز کے استحکام سے مشروط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی بقا ء ، استحکام اور ترقی کیلئے مخالفانہ اور کڑوی آوازوں کو سننا سمجھنا ہو گا ، پاکستان کے خلاف مسلح حملوں اور زہر آلود پروپیگنڈا پر مبنی دہشتگردی سے بچنے کیلئے سیاسی قیادت ، علماء اور تمام ریاستی اداروں کوایک صفحے پر آنا ہو گا ،ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہوگا۔اپنے ذاتی و گروہی مفادات ، ناراضگیوں اور انائوں سے بالاتر ہوئے بغیر ایسا ہونا ممکن نہیں ، اگر کوئی فیصلہ کرنا چاہے تو یہ کچھ مشکل کام نہیں،ہم میں سے کسی نے آب ِ حیات نہیں پی ، کسی کو اگلے لمحے کا علم ہے نہ مہلت ِ عمل زیادہ ہے۔




