دہشتگردی کا خاتمہ قومی مسئلہ ‘سنجیدگی کی ضرورت ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن ٹریڈرزونگ کے مرکزی صدر میاں عبدالمنان نے کہاہے کہ دہشت گردی کاخاتمہ قومی مسئلہ ہے جس میں سنجیدگی کی ضرورت ہے ایسے قومی معاملات میں کسی ایک فرد کی ملاقاتوں میں انا اور ضد نہیں ہو سکتی۔جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے اپوزیشن لیڈر کی ملاقات کے لیے جگہ کاخودتعین کرنا مناسب نہیں اس طرح کے تقاضے لوگوں کے درمیان مختلف تاثر کا باعث بنتے ہیں۔ ایسا تاثر قائم ہوتا ہے جو سیاستدان بالخصوص سینئر قیادت کے بارے میں اچھا نہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں وہ وزیراعظم ہاس جائیں گے مگر اسے ملاقات تصور نہ کیاجائے ملاقات کی دعوت بھی خوددیں گے۔ جب وزیراعظم سے ملاقات ہوگی تو پھر آئینی معاملات زیر بحث آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی اور باالخصوص پنجاب حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں عملی اقدامات کررہی ہیں بھارت میں ایسے شہر موجود ہیں مگراللہ کی مہربانی سے پاکستان میں کوئی بھوکا نہیں سوتا- ایسی رپورٹس کو بنیاد بناکر اس قسم کا پروپیگنڈا مناسب نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں