فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جامعہ سلفیہ میں طلباء طالبات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، مفسرِ قرآن پرو فیسر عبد الستار حامد ناظمِ امتحانات وفاق المدارس السلفیہ ، حافظ مسعود عالم نے کہاکہ دینی ادارے رشد و ہدایت کے مراکز ہیں جہاں طلبہ کو قرآن و حدیث کی تعلیم دی جاتی ہے جو دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی کا ذریعہ ہے انہوں نے طلبہ کو ان کے عظیم مقام کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ وہ علمِ دین کے حصول کے لیے یہاں آئے ہیں اس لیے انہیں اپنی قدر پہچاننی چاہیے انہوں نے علم کے ساتھ عمل کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اصل فائدہ اسی علم میں ہے جس پر عمل کیا جائے آخر میں انہوں نے نصیحت کی کہ طلبہ نظم و ضبط، عبادت اور اخلاص کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں کیونکہ حقیقی کامیابی علم اور عمل کے امتزاج سے ہی حاصل ہوتی ہے انہوں نے اپنے مشاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی ذمہ داری کے تحت انہیں مختلف مدارس میں جانے کا موقع ملتا رہتا ہے، لیکن جامعہ سلفیہ جیسا نظم و ضبط، تعلیم و تعلم کا ماحول اور نمازوں کی پابندی دیگر کسی ادارے میں کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے اور طلبہ کی اتنی بڑی تعداد اور منظم تعلیمی نظام اس ادارے کی نمایاں خصوصیت ہے جو اسے دیگر اداروں سے ممتاز بناتا ہے انھوں نے مزیدکہا کہ اللہ تعالی سے برکتوں کا سوال کیا کریں اور اصل برکت اللہ تعالی کی اطاعت اور علمِ دین سے حاصل ہوتی ہے اس لیے تقوی اور دین پر عمل کو اختیار کرنا چاہیے انہوں نے اہلِ علم کو انبیا کا وارث قرار دیتے ہوئے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ علم کو اللہ کی رضا کے لیے حاصل کریں نہ کہ دنیاوی مقصد کے لیے پھر دیکھیں اللہ تعالی آپ کی محبت لوگوں کے دلوں میں ڈال دیتا ہے۔




