ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے محکمے ذمہ داری ادا کریں

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں نہری پانی چوری کی روک تھام، گندم و آٹے کی اسمگلنگ کے تدارک اور سموگ کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آر پی او سرگودھا، تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور متعلقہ ڈویژنل و ضلعی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ شرکاء میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، اسسٹنٹ کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، چیف انجینئر و سپرنٹنڈنگ انجینئر انہار، ڈائریکٹر زراعت توسیع، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات اور سیکرٹریز ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز شامل تھے۔اجلاس میں آر پی او سرگودھا نے نہری پانی چوری کے خلاف بڑا اقدام کرتے ہوئے تمام ڈی پی اوز کو پانی چوری کے مقدمات میں نامزد ملزمان کی 24 گھنٹے کے اندر گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نہری پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور محکمہ پولیس و محکمہ انہار باہمی رابطے سے کارروائیوں کو نتیجہ خیز بنائیں۔کمشنر سرگودھا ڈویژن نے گندم و آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے چیکنگ کا نظام مزید مؤثر بنانے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی غیر قانونی نقل و حمل اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔اجلاس میں سموگ کے تدارک کے لیے جاری مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے عوامل کی روک تھام، متعلقہ قوانین پر عملدرآمد اور عوامی آگاہی کے اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔ تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں اور جاری اقدامات کے نتائج کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنائیں۔کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے واضح کیا کہ عوامی مفاد سے متعلق ان اہم امور میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں