ذوالفقار علی بھٹو نے غریبوں کو جینے کا ڈھنگ سکھایا،حسن مرتضیٰ سید

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بھٹو ازم کا نظریہ صوفیانہ رنگوں سے مزین وہ خوبصورت فلسفہ ہے کہ جس پر عمل پیرا ہونے والا سر کٹا تو سکتا ہے لیکن کسی جابر آمر کے سامنے سر جھکا نہیں سکتا ۔ بھٹو نے غریبوں کو جینے کا ڈھنگ سیکھایا ، وہ مظلوموں کی امیدوں کا واحد محور تھے ۔ آج عالمی منظر نامے پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے تو اس کے پیچھے پاکستان کا وہ ایٹمی پروگرام ہے کہ جس کی بنیاد بھٹو شہید نے اپنے خون سے رکھی تھی ۔ آج قوم کے لیے یوم سیاہ بھی ہے اور ہمارے لئے تجدید عہد کا دن بھی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری، سابق صوبائی وزیر اور تقریب کے مہمان خصوصی حسن مرتضی سید نے آج جنرل سیکرٹری سیکرٹریٹ واقع چوک جمیل آباد میں سابق وزیر اعظم پاکستان بانی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 47 ویں برسی کے موقع پر ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ کی صدارت سٹی صدر رانا نعیم دستگیر خاں نے کی جبکہ اس تقریب کے میزبان میاں اشفاق حسین جنرل سیکرٹری سٹی فیصل آباد تھے ۔ جبکہ دیگر مقررین میں نائب صدر سنٹرل سنٹرل پنجاب چوہدری محمد ارشد جٹ ۔ ڈویژنل صدر پیر سید عنایت علی شاہ ۔ سٹی صدر رانا نعیم دستگیر خاں، جنرل سیکرٹری میاں اشفاق حسین ۔ سیکرٹری اطلاعات رانا خاور جاوید ۔ میڈیا کوآرڈینیٹر محمد اطہر شریف ۔محمد اجمل شیرازی ۔ ٹکٹ ہولڈر چوہدری عمر دراز آزاد ۔ ٹکٹ ہولڈر چوہدری عباس گجر ۔ سابق ڈپٹی مئیر محترمہ سکینہ چوہدری ایڈووکیٹ ۔ ڈسٹرکٹ صدر شعبہ خواتین محترمہ رخسانہ قمر ۔ نائب صدر رفعت انجم ۔ رابطہ سیکرٹری عابد یاسین بٹ ۔ میاں بشارت علی کے نام شامل ہیں ۔ حسن مرتضی سید نے مزید کہا کہ اج امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے مظلوم عوام کو مشق ستم بنا رکھا ہے ۔ یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے، 1973 میں عرب اسرائیل جنگ میں سامراجی طاقتوں نے مشرق وسطی کی سر زمین کو مظلوموں کے خون سے رنگین کیا اور تین مسلم ممالک کو تہہ و بالا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی لیکن اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے پاک فضائیہ کے ذریعہ سے اسرائیل کو ایسا دندان شکن جواب دیا کہ اسے فورا جنگ بند کرنا پڑ گئی ۔ نائب صدر سنٹرل پنجاب چوہدری محمد ارشد جٹ نے کہا کہ ہم اپنے مسلمان برادر ملک ایران کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں ہر ممکن طریقہ سے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو شہید ایک ایسے عالمی لیڈر تھے کہ جن کو عالمی منظر نامے سے کبھی نہیں ہٹایا جاسکتا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں