جڑانوالہ(نامہ نگار)راجباہ شاہکوٹ میں ڈیڑھ سال سے پانی کی فراہمی میں مشکلات کے باعث سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں متاثر ہونے پر کاشتکاروں کسانوں کو سالانہ کروڑوں روپے مالی نقصان کا سامنا، کاشتکاروں کا وزیر اعلی پنجاب،صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب و دیگر ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ایک طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کاشتکاروں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہیں تو دوسری جانب راجباہ شاہکوٹ کے چیف آفیسر راشد خاں،ایس ڈی او عمر اور سب انجینئر نے مبینہ طور پر اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے اور راجباہ شاہکوٹ میں تقریباً ڈیڑھ سال سے پانی کی فراہمی کا مسئلہ پیدا ہوا ہے پانی کی فراہمی نہ ہونے پر درجنوں دیہات میں سینکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں متاثر ہو رہی ہیں اور بروقت پانی نہ لگنے پر فصلیں تباہ ہونے کا بھی خدشہ لاحق ہو چکا ہے راجباہ شاہکوٹ سے پانی کی فراہمی متاثر ہونے سے زمینداروں کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، کاشتکاروں اور زمینداروں کا کہنا ہے کہ انکے دیہات میں زیادہ تر افراد شعبہ زراعت کے ساتھ منسلک ہیں مگر راجباہ شاہکوٹ کے متعلقہ ذمہ داران کی مبینہ لاپرواہی کے باعث زراعت کا شعبہ تباہی کے کنارے پہنچ چکا ہے ڈیڑھ سال سے پانی کی فراہمی متاثر ہونے سے ایک طرف انکی تیار فصلیں تباہ ہو رہی ہیں تو دوسری جانب زمینیں بنجرر ہونے کا خدشہ لاحق ہو چکا ہے۔ زمینداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صوبائی وزیر آبپاشی پنجاب، کمشنر، ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر ارباب اختیار سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ راجباہ شاہکوٹ کے چیف آفیسر،ایس ڈی او اور سب انجینئر کی مبینہ لاپرواہی و غفلت کا نوٹس لیکر نہری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ حقیقی معنوں میں کسان زمیندار اور کاشتکار خوشحال ہو سکے۔




