فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) راجہ جہانگیر انور کے تبدیل ہوتے ہی سرکاری محکموں کے افسران شتربے مہار ہو گئے، عوام بے یارومددگار۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کسی بھی عوامی شکایت کا فوری نوٹس لیکر اسے حل کرواتے تھے’ ان کے دفتر کے دروازے عوام کیلئے 24 گھنٹے کھلے رہتے تھے’ تحصیل کی سطح پر کھلی کچہریاں لگا کر عوام کے فوری مسائل حل کرتے اور تمام سوشل میڈیا فورم’ الیکٹرانک میڈیا اور اخبارات میں کوئی مسئلہ ہائی لاٹ ہوتا تھا تو وہ فوری نوٹس لیتے اور افسران کو مسئلہ حل کرنے کا حکم دیتے تھے اس وجہ سے متعلقہ محکموں کے افسران ہر وقت الرٹ رہتے، جس دن سے ان کا فیصل آباد سے تبادلہ ہوا ہے۔ تمام سرکاری محکموں کے افسران کو کھلی چھٹی مل گئی وہ کسی کام کی طرف توجہ نہیں دے رہے۔ شہری اپنے مسائل کے حل کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں ان کے مسائل حل نہیں کئے جا رہے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ پوسٹنگ اور تبادلے سرکاری ملازمت کا حصہ ہیں ہم یہ نہیں کہتے دوبارہ راجہ جہانگیر انور کو ڈویژنل کمشنر فیصل آباد تعینات کیا جائے۔ تاہم ڈویژنل کمشنر محترمہ مسرت جبیں کو بھی راجہ جہانگیر انور کے نقش قدم پر چلتے ہوئے رول پلے کرنا چاہیے اور سرکاری محکموں کے افسران کا قبلہ درست کرنا چاہیے تاکہ عوام کے فوری مسائل حل ہو سکیں۔




