فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) 36گھنٹے جاری رہنے والا حافظ عبداللہ دسواں بڑی بھینس مقابلہ دودھ شاندار انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔ چوہدر ی عطا گجر مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں چوہدری شہزاد نمبردار،سردار شوکت ڈوگر، میاں پرویز، سلطان ورک،طاہر زمان حامد، چوہدری سکندر واہلہ،اسد علی وینس، ملک حامد سمیت متعدد معززین نے شرکت کی۔مقابلوں میں بڑی تعداد میں شائقین نے شرکت کی اور مالکان نے اپنی اعلی نسل کی بھینسیں پیش کیں۔ بڑی بھینسوں کے مقابلے میں 123 سدھوپورہ کے حاجی رانا اکرم کی عجھوہ بھینس نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 50.875 لیٹر دودھ دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ چوہدری تنویر جٹ (ہارون آباد) کی رانی بھینس نے 47.490 لیٹر دودھ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ علی عمران بلوچ (ساہیوال) کی سوہنی بھینس نے 46.165 لیٹر دودھ دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔دو اور چار دانت بھینسوں کے مقابلوں میں چوہدری عثمان گجر (208 ر ب) کی بھینس نے 30.415 لیٹر دودھ دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ منظور حسین بھٹی کی راوی بھینس (196 ر ب چھوٹا گھونہ) نے 28.080 لیٹر دودھ کے ساتھ دوسری پوزیشن جبکہ چوہدری تنویر جٹ کی سہری بھینس نے 24.960 لیٹر دودھ دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔مقابلے کے اختتام پر مہمانِ خصوصی چوہدری عطا گجر نے کامیاب مالکان کو ٹرافیاں اور شیلڈز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام نہ صرف مقامی فارمرز کی حوصلہ افزائی بلکہ ملک میں لائیوسٹاک سیکٹر کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔




