اسلام آباد (بیوروچیف) رانا ثنااللہ کے سینیٹ کے ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی کی منظوری دیتے ہوئے الیکشن ٹربیونل نے اپیل جرمانے کیساتھ خارج کردی۔جسٹس خالد اسحاق پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے ایڈووکیٹ محمد آفاق کی اپیل پر سماعت کی،ایڈووکیٹ محمد آفاق نے رانا ثنا اللہ کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیل دائر کی تھی،رانا ثنااللہ کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل ملک جاوید اعوان پیش ہوئے۔درخواست گزار ایڈووکیٹ محمد آفاق ایڈوکیٹ نے پیش ہوکر اپنا موقف پیش کیا،جسٹس خالد اسحاق نے درخواست گزار سے استفسارکیاکہ کیا آپ نے اعتراضات فائل کئے تھے ؟ وکیل درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیارکیاکہ میں نے اعتراضات فائل کئے ہیں ، جسٹس خالد اسحاق نے کہااعتراضات کی کاپی کہاں ہے؟،وکیل محمد آفاق نے کہاوہ میرے پاس نہیں، جسٹس خالد اسحاق نے کہاآپ ووٹر نہیں ، اعتراضات کیسے دائر کر سکتے ہیں ، وکیل درخواست گزار محمد آفاق نے کہاووٹر نہ بھی ہو تو اعتراض داخل کرسکتا ہے۔ جسٹس خالد اسحاق نے کہااگر آپ کی اپیل خارج ہوئی تو 5لاکھ جرمانہ کروں گا،عدالت کا قیمتی وقت ضائع کرنے پر آپ کو جرمانہ ہوگا ،یہ وقت آپ کا یا میرا نہیں ، غریب لوگوں کا ہے،آپ تجویز کنندہ ہیں نہ تائید کنندہ ، اپیل کیسے دائر کرسکتے ہیں ؟درخواست گزار ایڈووکیٹ محمد آفاق ٹریبونل میں تسلی بخش جواب نہ دے سکاجس پرالیکشن ٹریبونل نے محمد آفاق کو 5لاکھ جرمانہ کرتے ہوئے اپیل خارج کردی۔




