کیلیفورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک) یوٹیوب کے متبادل کے طور پر پہچانے جانے والے چین کے مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم بلی بلی نے عالمی سطح پر اپنی موجودگی بڑھانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ پلیٹ فارم حکام کی جانب سے دنیا بھر کے کانٹینٹ کریئیٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔رپورٹس کے مطابق بلی بلی مبینہ طور پر تخلیق کاروں کو ہر ایک ہزار ویوز پر تقریبا 0.70 امریکی ڈالر ادا کرنیکی پیشکش کر رہی ہے۔، جو پاکستانی کرنسی میں تقریبا 194 روپے بنتے ہیں۔ تاہم یہ رقم اور ادائیگی کا یہ ماڈل ابھی بلی بلی کی جانب سے باضابطہ طور پر تصدیق شدہ نہیں ہے، اس لیے اسے حتمی معاوضہ سمجھنا درست نہیں ہوگا۔چینی میڈیا ادارے گلوبل ٹائمز کے مطابق بلی بلی نے اپنے بین الاقوامی ورژن میں کئی تبدیلیاں کی ہیں تاکہ غیر ملکی صارفین اور تخلیق کاروں کے لیے پلیٹ فارم استعمال کرنا آسان بنایا جا سکے۔ نئے ورژن میں رجسٹریشن کے عمل کو نسبتا آسان کرنے، لازمی شناختی تصدیق ختم کرنے، صارفین کے لیے مقامی نوعیت کا تجربہ فراہم کرنے اور بیرون ملک صارفین کی ضروریات کے مطابق اضافی سہولیات متعارف کرانے پر توجہ دی گئی ہے۔




