فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ستارہ ویلی شیخوپورہ روڈ کے پلاٹس کی پیمنٹ کے باوجود 15سال بعد بھی رجسٹریاں نہ ہو سکیں، جس پر ستارہ ویلی کے مکین کالونی مالکان کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ شیخوپورہ روڈ پر واقع ستارہ ویلی کالونی مالکان کی طرف سے پوری پیمنٹ لینے کے باوجود دس سے پندرہ سال گزرنے کے بعد بھی رجسٹریاں نہیں کروائی گئیں۔ مالکان نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رہائشیوں کی بجلی کے کنکشن بھی کاٹ دیئے، جس پر پوری کالونی میں اندھیرا چھا گیا، شدید گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی سے کالونیوں کے رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، رہائشیوں نے احتجاج کرتے ہوئے گٹ والا کے قریب جوڈیشل ہائوسنگ اور ستارہ ویلی کے سامنے مین شیخوپورہ روڈ بلاک کر دیا ۔جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ مظاہرین نے ارباب اختیار سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کالونی کی فوری طور پر بجلی بحال کی جائے اور رجسٹریاں بھی کروائی جائیں۔




