ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد نے گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول اسلام نگر میں امتحانی پرچے کے دوران طلبہ کے فرش پر بیٹھنے سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے امتحانی مراکز میں معمول سے زیادہ امیدواروں کی تعداد کے باعث بعض طلبہ کو وقتی طور پر امتحانی انتظامات کے تحت فرش پر بٹھایا گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر (ایجوکیشن) فیصل آباد رائو عبدالکریم نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے طلبہ کو فوری طور پر آئی ٹی کمپیوٹر لیب میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔مزید بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری ایجوکیشن) سے واقعہ کی انکوائری رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے وضاحت کی کہ گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول اسلام نگر فیصل آباد کے تمام طلبہ اس وقت اپنی اپنی کلاسز میں پرسکون اور بہتر تعلیمی ماحول میں تدریسی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ رائو عبدالکریم نے عوام اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر یا ویڈیو کو بغیر تصدیق شیئر کرنے سے گریز کیا جائے۔




