لاہور(بیوروچیف) رمضان المبارک سے قبل ہی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی نے ڈیرے جما لیے ہیں اور گوشت، سبزی اور پھل کی قیمتیں سرکاری نرخوں سے کئی گنا زیادہ فروخت ہو رہی ہیں جبکہ انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ شہر میں مٹن کی سرکاری قیمت 1600روپے فی کلو کے بجائے 2800سے 3200روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے جبکہ بیف 800روپے کی بجائے 1200سے 1400روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ مختلف سپر اسٹورز میں مبینہ ڈی سی کانٹرز پر غیر معیاری گوشت، چھیچڑوں اور زیادہ چربی والا گوشت بھی فروخت ہو رہا ہے۔سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ ہیں۔ آلو 20روپے کے بجائے 60 روپے فی کلو، پیاز 55روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو، ٹماٹر 82روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو، کریلا160روپے کے بجائے 190روپے فی کلو، مٹر 40روپے کے بجائے 100روپے فی کلو، شملہ مرچ 145روپے کے بجائے 180روپے فی کلو، سبز مرچ 140 روپے کے بجائے 160روپے فی کلو اور بند گوبھی 55روپے کے بجائے 150روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے ۔




