لاہور (شوبز نیوز) معروف اداکار، پروڈیوسر اور ریسٹورنٹ بزنس سے وابستہ شخصیت نعمان مسعود نے ملک میں جاری معاشی بحران اور بجلی کی بچت کے نام پر ریسٹورنٹس کی جلد بندش پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے اوقاتِ کار میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں نعمان مسعود کا کہنا تھا کہ اس وقت ریسٹورنٹ انڈسٹری شدید ترین مشکلات کا شکار ہے۔ مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بجلی کے بھاری بلوں نے کمر توڑ دی ہے، اوپر سے رات 10 بجے کاروبار بند کرنے کی پابندی نے رہی سہی کسر نکال دی ہے۔”لوگ گھروں سے نکلتے ہی 10 بجے ہیں” نعمان مسعود نے منطقی نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کے باعث لوگ دن بھر دفاتر اور کام کاج میں مصروف رہتے ہیں۔




