فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور کے اعزاز میں ڈیزل شیڈ میں لوکو رننگ سٹاف کی جانب سے ایک پروقار استقبالیہ اور شمولیتی تقریب منعقد ہوئی، جس میں لاہور ڈویژن کے ڈرائیورز، ڈپٹی ڈرائیورز اور اسسٹنٹ ڈرائیورز کی سینکڑوں کی تعداد نے پریم یونین میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے تنظیم کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔تقریب میں لوکو رننگ سٹاف ایسوسی ایشن لاہور ڈویژن کے چیئرمین تنویر حسین نے 250شامل ہونیوالے ملازمین کے ممبرشپ فارم پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور کے حوالے کیے۔ اس موقع پر شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوکو رننگ سٹاف کی کیٹگری اپ گریڈیشن، سروس اسٹرکچر کی بہتری اور ریلوے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پریم یونین کے پلیٹ فارم سے متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ شیخ محمد انور اپنے دوست احباب خیر محمد تونیو، خالد محمود چوہدری، فیاض احمد شہزاد، رانا محمد شریف، ڈاکٹر اشتیاق عرفان، محمد بخش خاکی، مسعود مہر، خضر حیات خان، اکرام کندی، ملک محمد جمیل، خضر حیات بیگ، جنید خرم، محمد یاسر اور دیگر کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے۔ ان کا استقبال لوکو رننگ سٹاف کے چیئرمین تنویر حسین کی قیادت میں گلفام اشرف، سید حسنین شاہ، محمد ادریس بھٹی، عظیم لطیف، طارق علی، عبدالحفیظ، مظفر محمود، محمد عمران خان، عاطف رزاق، عمران مانی، اسد شاہ، محمد ارشاد، طاہر گجر، ذیشان شیخ، محمد عامر، فرید وارثی اور سینکڑوں ملازمین نے پھولوں کے ہار پہنا کر اور گل پاشی کرکے کیا۔تقریب سے شیخ محمد انور، خیر محمد تونیو، خالد محمود چوہدری، رانا محمد شریف، ڈاکٹر اشتیاق عرفان، فیاض احمد شہزاد، اکرام کندی، تنویر حسین اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔اپنے خطاب میں شیخ محمد انور نے کہا کہ پریم یونین لوکو رننگ سٹاف سمیت ریلوے کے تمام شعبہ جات کے ملازمین کی کیٹگری اپ گریڈیشن، سروس معاملات اور دیگر جائز مطالبات کے لیے ہر سطح پر موثر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شیڈز، کیرج، مکینیکل، انجینئرنگ سٹاف اور گینگ مینوں کی کیٹگری اپ گریڈیشن کے لیے عدالتوں اور وزارتِ ریلوے میں بھرپور قانونی اور تنظیمی جدوجہد جاری ہے، اور ان شا اللہ جلد ملازمین کو خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عدالتوں کے فیصلوں پر مکمل اور فوری عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک جانب وزیر ریلوے ایک کھرب روپے سے زائد آمدنی کے دعوے کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب ملازمین کو ٹی اے کی ادائیگی نہیں ہو رہی اور ریٹائرڈ ملازمین اپنی گریجویٹی اور دیگر واجبات کے حصول کے لیے مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ریکارڈ آمدنی دراصل ریلوے مزدوروں کی انتھک محنت کا ثمر ہے، لہذا ان کے حقوق کا تحفظ حکومت اور ریلوے انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ خالد محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوکو رننگ سٹاف کی کیٹگری اپ گریڈیشن کے حوالے سے معزز عدالت کا فیصلہ وزارتِ ریلوے میں بلاجواز التوا کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوکورنگ سٹاف کی اپ گریڈیشن کے عدالتی فیصلے پر فوری عمل درآمد ناگزیر ہے، بصورت دیگر متعلقہ ذمہ داران کو توہینِ عدالت کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے تمام ریلوے ملازمین پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کے تعصبات سے بالاتر ہو کر پریم یونین کے پلیٹ فارم پر متحد ہوں اور شیخ محمد انور کی قیادت میں اپنے حقوق کے حصول کے لیے بھرپور جدوجہد کریں۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے پریم یونین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریلوے ملازمین کے حقوق، وقار اور بہتر مستقبل کے لیے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔




