لاہور( بیورو چیف) پاکستان ریلویز نے دیگر محکموں میں ڈیپوٹیشن پر جانے والے 6 افسران کو ریلوے میں واپس جوائن نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق گریڈ 19 شعبہ کمرشل کی افسر صائمہ بشیر، گریڈ 18 کی افسر سحروش اعجاز، نصیر احمد خان، شیریں حنا اصغر، گریڈ 19 شعبہ انجینئرنگ کے افسر قاضی جواد احمد اور شعبہ سول انجینئرنگ کی فرحت عباس کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔پاکستان ریلویز کی جانب سے یہ کارروائی ان افسران کے خلاف کی گئی ہے جنہوں نے ڈیپوٹیشن کی مدت ختم ہونے کے باوجود اپنے اصل محکمے میں دوبارہ جوائن نہیں کیا۔نوٹسز میں افسران پر مس کنڈکٹ اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے اور مقررہ مدت میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔




