سرگودہا ( بیورو چیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت پلس پراجیکٹ کا پانچواں جائزہ اجلاس ان کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریونیو) اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب اربن لینڈ سسٹم انہانسمنٹ (PULSE) پروگرام کے تحت جاری مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں موضع جات کی ڈیجیٹلائزیشن کا 87 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ پنجاب اربن لینڈ اسیسمنٹ پراجیکٹ کے تحت تمام ریکارڈ کی اسکیننگ سو فیصد مکمل کر لی گئی ہے۔ ڈیٹا انٹری کا کام 83 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ مشترکہ کھاتوں کی تقسیم پر تیزی سے کام جاری ہے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو افسران دفاتر تک محدود رہنے کی بجائے فیلڈ میں جائیں اور پلس پراجیکٹ کو بروقت مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں واضح ذمہ داریوں کے ساتھ ڈیوٹی روسٹرز تشکیل دیں اور کارکردگی کا روزانہ جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ پلس پراجیکٹ ایک اصلاحاتی منصوبہ ہے جس کے ذریعے عوام کو زمینوں کے تنازعات، وکیلوں کے چکر اور خاندانی جھگڑوں سے نجات ملے گی۔ اس منصوبے سے جائیداد کی ملکیت واضح ہوگی۔ غیر قانونی قبضوں کی روک تھام ممکن ہوگی اور ریاستی نظام پر عوام کا اعتماد بڑھے گا۔




