فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ریڈیو پاکستان فیصل آباد نے اپنی44ویں سالگرہ منائی۔اس موقع پر براڈکاسٹنگ ہائوس میں کیک کاٹنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیشن ڈائریکٹر تابندہ اقبال نے ریڈیو پاکستان کے عوام کی آواز بننے، قومی و علاقائی ثقافت کے فروغ اور عوام تک مستند معلومات کی فراہمی میں اہم کردار کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ڈیجیٹل میڈیا کے دور میں بھی ریڈیو پاکستان اپنی ساکھ، متنوع پروگراموں اور عوامی خدمت پر مبنی نشریات کے ذریعے عوام تک رسائی کے باعث اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔تقریب میں افسران اور عملے کے ارکان نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ریڈیو پاکستان فیصل آباد کے عوام کو باخبر، تعلیم یافتہ اور محظوظ کرنے کے کردار کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔تقریب میں بڑی تعداد میں سامعین نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے عوام کو معلومات، تعلیم اور تفریح فراہم کرنے میں ریڈیو پاکستان کے اہم کردار کو سراہا اور ریڈیو پاکستان فیصل آباد کو سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔




