چونیاں(نامہ نگار)تھانہ صدر چونیاں پولیس نے بڑی کارروائی کے دوران 10 کلوگر ا م سے زائد چرس برآمد کر کے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں تھانہ صدر چونیاں کے ایس ایچ او شہزاد یونس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 10کلوگرام سے زائد چرس برآمد کر کے بدنام زمانہ اور ریکارڈ یافتہ منشیات فروش کو گرفتار کر لیا ۔مولا پور روڈ پر خصوصی ناکہ بندی کے دوران ملزم شکیل عرف شکیلی انصاری، سکنہ منظور چوک چونیاں کو گرفتار کیا گیاملزم کے قبضے سے 10کلوگرام سے زائد چرس برآمد ہوئی جو چونیاں میں فروخت کی غرض سے لائی جا رہی تھی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم شکیل عرف شکیلی ایک ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ہے جس کے خلاف قبل ازیں منشیات کے سات مقدمات درج ہیں ملزم طویل عرصے سے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث رہا ہے ۔تھانہ صدر چونیاں پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ اس سے منشیات کے نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔




