ریکوری کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے،کمشنر سرگودھا

سرگودھا (بیوروچیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت ڈویژن بھر میں ریونیو اقدامات، سرکاری واجبات کی وصولی، عوامی درخواستوں کے ازالے اور مختلف حکومتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے طویل دورانیے کا تفصیلی ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران تمام اضلاع کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے افسران سے مختلف امور پر بریفنگ لی گئی۔اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اور اسسٹنٹ کمشنر ریونیو بھی موجود تھے۔اجلاس میں سرکاری واجبات کی وصولی، ریونیو اقدامات پر پیش رفت، PULSE پراجیکٹ، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام، پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس 2026 کے تحت موصولہ درخواستوں کے نمٹانے میں پیش رفت، مواضعات کی ڈیجیٹلائزیشن، کھیوٹ سے متعلق مسائل، انتقالات کے معاملات اور دفاتر میں eFOAS کے نفاذ سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے سرکاری واجبات کی وصولی کے مقررہ اہداف کے حصول کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریکوری کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اور فیلڈ میں مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ اہداف کے حصول میں سستی، غفلت یا غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ریونیو معاملات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے، زیرِ التوا درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور عوام کو ریونیو سروسز کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ کیا جائے۔ کمشنر نے کھیوٹ اور انتقالات سے متعلق مسائل کے فوری ازالے اور زیرِ التوا کیسز کو قواعد و ضوابط کے مطابق نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔PULSE پراجیکٹ اور مواضعات کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے کمشنر نے پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے ریونیو ریکارڈ کو مزید شفاف، محفوظ اور عوام کے لیے قابلِ رسائی بنایا جائے۔گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس اور اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے متعلقہ افسران کو اہداف کے مطابق عملی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر نے پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس 2026 کے تحت درخواستوں کے نمٹانے کے عمل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ عوامی نوعیت کی درخواستوں کو غیر ضروری طور پر زیرِ التوا نہ رکھا جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر درخواست کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر نمٹانے کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے دفاتر میں eFOAS کے مؤثر نفاذ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری امور میں ڈیجیٹل نظام کے استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ دفتری کارروائی میں شفافیت، رفتار اور مؤثریت میں اضافہ ہو۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ ریونیو نظام میں بہتری، سرکاری واجبات کی بروقت وصولی اور عوامی درخواستوں کا فوری ازالہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی، شفافیت اور میرٹ کے ساتھ ادا کریں۔اجلاس کے دوران کمشنر نے مختلف اضلاع کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے افسران کو واضح اہداف دیے اور ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں پیش رفت قابلِ اطمینان ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو اقدامات کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رہے گا اور افسران کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر شاہپور یسرا سہیل بٹ کی متعلقہ امور میں بہتر کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف کی اور دیگر افسران کو بھی مؤثر فیلڈ مانیٹرنگ اور عملی اقدامات کے ذریعے بہتر نتائج حاصل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ضلعی افسران نے ریونیو اقدامات، سرکاری واجبات کی وصولی، PULSE پراجیکٹ، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام، لینڈ ریونیو آرڈیننس 2026 کے تحت درخواستوں کے نمٹانے، مواضعات کی ڈیجیٹلائزیشن، کھیوٹ و انتقالات کے مسائل اور eFOAS کے نفاذ سے متعلق تفصیلی بریفنگز بھی دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں