ڈی جی FDAکی نادہندگان کیخلاف کارروائی کا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے نادہندگان کے خلاف نتیجہ خیز کارروائی کا حکم دیا ہے اور متعلقہ افسران و سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ ایف ڈی اے کے واجبات کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنایا جائے اور عدم ادائیگی کی صورت میں نادہندگان کی جائیدادیں سیل کر دی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارے کے واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اس سلسلے میں ایک اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایف ڈی اے کے بقایاجات کی ریکوری مہم پر عملدرآمد اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹرز فنانس عدنان شہزاد، افضال انصاری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے مختلف مدات میں ایف ڈی اے کے واجبات، وصول شدہ رقوم اور زیر التوا کیسز کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ ریکوری کے عمل کو مزید موثر اور تیز بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نادہندگان کو واجبات کی ادائیگی کے لئے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق نوٹسز جاری کئے جائیں اور مسلسل عدم ادائیگی کی صورت میں بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریکوری ٹیمیں فیلڈ میں فعال کردار ادا کریں اور نادہندہ جائیدادوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ واجبات کی وصولی ایف ڈی اے کے مالیاتی نظم و ضبط اور ادارے کی مالی خود کفالت کے لئے نہایت اہم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں