جڑانوالہ (نامہ نگار) جڑانوالہ زرعی رقبہ سے بھینس گزرنے پر شروع ہونیوالے جھگڑا کے دوران سابق ایس پی نے بھتیجے کے ہمراہ مبینہ فائرنگ کرکے باپ بیٹے سمیت 3افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جھگڑے کے دوران سر پر کلہاڑی کا مبینہ وار لگنے سے سابق ایس پی فاروقہندل بھی زخمی ہو گئے،تہرے قتل کی لزرہ خیز واردات سے پورے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی،پولیس نے سابق ایس پی اور اسکے بھتیجے کو حراست میں لے لیا ہے،تفصیلات کے مطابق ریٹائرڈ ایس پی (بٹالین 4مکوآنہ)فاروق ہنڈل نے تھانہ لنڈیانوالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 651گ ب میں زرعی و کیٹل فارم بنا رکھا ہے گزشتہ روز گندم کی کٹائی کے دوران گائوں پی کے رہائشی ناصر چڈھر گروپ کی بھینس سابق ایس پی فاروق ہنڈل کے زرعی رقبہ میں چلی گئی جس پر دونوں فریقین کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا جھگڑا کے دوران سر پر کلہاڑی کا مبینہ وار لگنے پر سابق ایس پی فاروق ہنڈل زخمی ہو گئے جس پر فاروق ہنڈل نے اپنے بھتیجے احتشام کے ہمراہ مبینہ اندھا دھند فائرنگ کر دی جسکی زد میں آ کر ناصر علی اور اس کا بیٹا امتیاز موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ مقتول ناصر علی کا بھائی جعفر حسین زخمی ہو گیا اطلاع پر ایس پی ٹائون جڑانوالہ امتیاز احمد ڈی ایس پی رانا مظہر الحق ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ ایلیٹ فورس اور ریسکیو ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی ہونیوالے جعفر حسین کو تشویشناک حالت کے پیش نظر فیصل آباد ریفر کیا مگر وہ راستہ میں جاں بحق ہو گیا تہرے قتل کی لزرہ خیز واردات کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے ایس پی ٹائون سے رپورٹ طلب کر لی ہے پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا اور ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالہ کر دیا ہے۔ پولیس تھانہ لنڈیانوالہ نے تہرے قتل کے الزام میں سابق ایس پی فاروق ہنڈل اور اسکے بھتیجے کو حراست میں لے لیا ہے۔ مقتولین کے ورثاء نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، آئی جی پنجاب، آر پی او، سی پی او فیصل آباد سے انصاف و تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تہرے قتل میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی پولیس تھانہ لنڈیانوالہ نے تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے۔




