فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور کراپ لائف پاکستان نے پائیدار زراعت کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے، کیڑے مار ادویات کے خلاف مزاحمت سے نمٹنے اور فصل کی باقیات کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک اسٹریٹجک تحقیقی اور ترقیاتی تعاون قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس امر پر اتفاق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور محمد نوازشریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی زیر صدارت ایک مشاورتی اجلاس میں ہوا، جس میں کراپ لائف پاکستان ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ذیشان حسیب بیگ، سینئر وائس چیئرمین طلّال حکیم، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد احمد اور دیگر شریک تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے تجربہ کار انڈسٹری پروفیشنلز کو ایڈجَنکٹ فیکلٹی کے طور پر شامل کرنے کی تجویز کو سراہتے ہوئے اسے ایک انقلابی قدم قرار دیا جو تعلیمی تدریس اور عملی اطلاق کے درمیان خلا کو پُر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس انضمام سے طلبہ کو موجودہ صنعتی طریقہ کار اور مارکیٹ سے ہم آہنگ مہارتوں کا عملی تجربہ حاصل ہوگا جس سے وہ بدلتے ہوئے زرعی چیلنجز کا بہتر مقابلہ کرسکیں گے۔




