فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے یونیورسٹی کی طالبہ علیشبہ کمال نے فیدرویٹ کیٹیگر ی میں 2026ء کی نیشنل باکسنگ چیمپئن قرار پائی۔ یہ چیمپئن شپ پاکستان باکسنگ فیڈریشن اور پاکستان آرمی کے زیر اہتمام منعقد کی گئی۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اس کامیابی کو ادارے کے لیے اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ علیشبہ کمال کی کامیابی محنت اور حوصلے کی ایک روشن مثال ہے جو نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے اعتماد اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے علیشبہ کی ثابت قدمی اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کامیابیاں اس بات کی عکاس ہیں کہ یونیورسٹی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔ چیئرمین اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر ہارون زمان اور ڈائریکٹر اسپورٹس محمد عاطف بھٹی نے بھی نوجوان باکسر کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی کامیابی دیگر طلبہ کو بھی کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی ترغیب دے گی۔




