فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)2026ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا ہے کہ اعلی تعلیم کے نظام میں مزید بہتری لانے کے لیے عالمی شراکت داروں کے ساتھ مثر تعاون ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی ، ڈینز اور ڈائریکٹرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ پاکستانی جامعات کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، 2026 کیو ایس رینکنگ کے مطابق پاکستان کی 18 جامعات مجموعی درجہ بندی جبکہ سبجیکٹ رینکنگ میں 35جامعات دنیا کی بہترین درس گاہوں میں شامل ہوئیں۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور فیکلٹی ممبران کو زرعی جامعات کی کیو ایس سبجیکٹ رینکنگ میں 33ویں پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کی معیاری تحقیق اور تعلیم کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے اور انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ ادارہ مزید ترقی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور صوبائی ہائر ایجوکیشن کمیشن اعلی تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشیں کر رہے ہیں۔ چیئرمین ایچ ای سی نے اساتذہ اور محققین پر زور دیا کہ وہ ایسی تحقیقات پر توجہ مرکوز کریں جس کے واضح سماجی اور صنعتی ثمرات مرتب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اعلی تعلیم میں معیار کو یقینی بنانا اولین ترجیح رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے گریجویٹس کو ایسے مواقع فراہم کرنے ہوں گے کہ وہ ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ اعتماد کے ساتھ مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی تعلیمی اور تحقیقی خدمات کو بھی سراہا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ ایچ ای سی کی بدولت زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروگرامز میں نمایاں تبدیلی آئی ہے جن کے تحت تحقیق کے 700 سے زائد منصوبوں پر 2.8 ارب روپے سے زرعی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ہیومن ریسورس کے لئے ایچ ای سی کی سرمایہ کاری بشمول 1000 اسکالرشپس، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور بین الاقوامی تحقیقی تعاون سے تعلیم و تحقیق کا نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں زرعی یونیورسٹی آئی ایس او معیار کی لیبارٹریز، مشترکہ آلات اور مرکزی تحقیقی نیٹ ورکس کے قیام کو ترجیح دے رہی ہے۔ چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن نے ایکسپو سنٹر میں یونیورسٹی کی ٹیکنالوجی کا مشاہدہ کیا اور مرکز برائے اعلی تعلیم میں لیبارٹری کا افتتاح کیا۔




