زرعی یونیورسٹی کے قریب مبینہ مقابلے میں ہلاک ڈاکو سرعام وارداتوں میں ملوث نکلے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونیوالے 2ڈاکو سرعام لاکھوں کی وارداتوں میں ملوث نکلے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز چنیوٹ بازار چوک میں ناکہ پر موجود پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنیوالے 2 ڈاکو شہباز عرف لوٹا ولد نذیر احمد سکنہ 188 رب اور محمد شعیب ولد ظفر اقبال سکنہ 77 رب لوہکے تھانہ سول لائن کے علاقہ زرعی یونیورسٹی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں ڈاکو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیسے لیجانے والے تاجروں اور شہریوں کی ریکی کر کے انہیں لوٹتے تھے، ملزمان بخشی خانہ کے باہر قائم کارپارکنگ میں گاڑی پارک کرنیوالے تاجروں کو لوٹنے میں بھی ملوث تھے جب کوئی تاجر چھاپر میں پیسے لیکر آتا اور گاڑی کا دروازہ کھولنے لگتا تو یہ پیچھے سے آ کر اسے پکڑ لیتے اور گن پوائنٹ پر لوٹ لیتے، ملزمان نے آفتاب ملز والوں کیساتھ 20لاکھ کی واردات کی تھی اور ایک تاجر سے 15لاکھ روپے چھین لیے تھے، ریل بازار میں سونا فروخت کرنے والے شہری کو جھال پل پر لوٹ لیا تھا، ایک تاجر کے ساتھ مکڈونلڈ چوک ستیانہ روڈ پر 50لاکھ کی واردات کی تھی، کچھ روز قبل ایف آئی سی کے سامنے سونے کے تاجر کو لوٹنے میں ناکام ہو گئے تھے، پولیس نے سیف سٹی سے ان کی ویڈیوز اور تصاویر نکلوا لی تھیں گزشتہ روز دونوں مبینہ پولیس مقابلے میں اپنے انجام کو پہنچ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں