لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم شہداء کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اذان کیلئے 13جولائی 1931کے 22شہداء سمیت ہر کشمیری شہید کو سلام پیش کرتے ہیں جو ظلم کے خلاف حق کی صدا بنے۔ کشمیر کے شہداء نے 1931میں ڈوگرہ راج کو للکارا آج بھارتی قابض فوج انہی مظالم کی داستان دہرا رہی ہے، ڈوگرہ راج ہو یا آج کی ظالم بھارتی فوج کشمیریوں کے حوصلے کو کبھی شکست نہیں دے سکے ،کشمیر کے شہدا کی قربانیاں بتاتی ہیں کہ زنجیریں کبھی حوصلے کو قید نہیں کر سکتیں۔ کشمیر کی مٹی میں حریت،وفا اور قربانی کی خوشبو رچی بسی ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ یومِ شہدا کشمیر صرف محض دن نہیں یہ اقوام متحدہ اور پوری امت مسلمہ کے ضمیر کو جگانے کی صدا ہے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مسئلہ کشمیر کے حل پر حالیہ بیان حوصلہ افزا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا-کشمیری شہدا کی قربانیوں نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ کوئی جبر، کوئی طاقت ان کو غلام نہیں رکھ سکتی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتے ہیں، انکے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتے ہیں۔پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر یوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔




