فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اوکاڑہ روڈ پر تھانہ باہلک کے قریب زیرتعمیر مکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک محنت کش ہلاک جبکہ دو بری طرح زخمی ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تاندلیانوالہ کے علاقہ اوکاڑہ روڈ پر محنت کش 30سالہ یونس مسیح اپنے ساتھیوں 35سالہ محمد رمضان اور 28سالہ فیصل رمضان زیرتعمیر مکان کی شٹرنگ کر کے لینٹر ڈال رہے تھے کہ اچانک کمزور شٹرنگ کی وجہ سے زیرتعمیر گھر کی چھت زمین بوس ہو گئی اور تینوں ملبے تلے دب گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ملبے سے نکالا تو 30سالہ یونس مسیح زندگی کی بازی ہار چکا تھا جبکہ دیگر کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹرز ان کی جانیں بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔




