فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے معروف سیاسی گھرانے کے چشم وچراغ’ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے دیرینہ ساتھی’ سابق ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر) نثار اکبر خاں حرکت قلب بند ہونے سے خالق حقیقی سے جاملے، (اناﷲ وانا الیہ راجعون)۔ مرحوم کے والد محترم رانا اکبر علی خاں (مرحوم و مغفور)انڈیا میں MLAتھے اور قیام پاکستان کے بعد فیلڈ مارشل ایوب خان کے دور حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر تعلیم بھی رہے۔ کیپٹن(ر) نثار اکبر خاں فیصل آباد کی سیاست میں شرافت کے علمبردار چوہدری عمر دراز خاں سابق MPA(مرحوم و مغفور) کے برادر نسبتی اور تحریک انصاف فیصل آبادحلقہ پی پی 112کے رکن صوبائی اسمبلی رانا اسد محمود خاں سابق سیکرٹری چناب کلب کے ماموں جان تھے۔واضح رہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح قیام پاکستان سے قبل جب فیصل آباد (لائلپور) تشریف لائے تو ان کے گھر پر بھی قیام کیا تھا۔ قائد عوام پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو’ سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو جب فیصل آباد تشریف لاتے تو اکثر اوقات کیپٹن (ر) نثار اکبر کے گھر پر قیام کرتے تھے۔ مرحوم نثار اکبر نے 2008ء میں پاکستان پیپلزپارٹی چھوڑ کر (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کر لی اور 2013ء کے انتخابات میں انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو خیرباد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ انہیں فالج کا اٹیک ہوا تو وہ عرصہ دراز سے بیمار رہنے کی وجہ سے سیاست سے دور تھے۔ مرحوم کی نمازجنازہ آج24جون بروز منگل بعدازنماز مغرب غلام محمد آباد والے بڑے قبرستان میں ادا کی جائے گی۔ ڈیلی بزنس رپورٹ کے ایڈیٹر ہمایوں طارق’ نیوز ایڈیٹر ریاض ملک اور دیگر سٹاف نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی ہے۔




