سالانہ ترقیاتی اسکیموں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی،ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے خبردار کیا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ سست روی کا مظاہرہ کرنے والے کنٹریکٹرز کو نوٹسز جاری کئے جائیں۔ اے ڈی پی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے جبکہ شفافیت برقرار رکھنے کے لئے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے۔ایم ڈی واسا نے کنسلٹنٹ ایجنسی نیسپاک کو واضح کیا کہ جھنگ روڈ پر تعمیراتی کام ایک ہفتہ کے اندر اندر شروع کرایا جائے جبکہ پی ایس 34 پر تعمیراتی کام کل ہرصورت شروع ہونا چاہیے اسی طرح این ایل سی کے تمام کام بھی آئندہ ایک ہفتہ میں شروع کرائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پائپس بچھانے کے کاموں کو فل سپیڈ کے ساتھ جاری رکھا جائے اور ایک دن میں کم از کم 2 ہزار فٹ کی لائن لگائی جائے، اسی طرح نیسپاک ترقیاتی منصوبوں کے ڈیزائنز کو ہر صورت مکمل کریں۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت بارے ہفتہ وار رپورٹ فراہم کی جائے اور مرتب کردہ ٹائم لائن کے مطابق تعمیراتی کام ہر صورت مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل انتہائی ضروری ہے کیونکہ ان سکیموں کے مکمل ہونے سے شہریوں کو سیوریج مسائل میں نمایاں ریلیف ملے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں