فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)نورالہدی فائونڈیشن کے زیر اہتمام جامع مسجد نورالہدی گلشن سعید مانانوالہ میں 36ویں سالانہ تعلیم القرآن کورس کی خصوصی نشست منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ۖ سے ہوا۔ تعلیم القرآن کورس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نورالہدی فائونڈیشن علامہ مولانا سید محمد سعید الحسن شاہ نے ”سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ” کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ”شان سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ: عدل و انصاف کا وہ مینار جس نے تاریخ بدل دی”۔ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ اسلام کے دوسرے خلیفہ، امیرالمومنین اور عشرہ مبشرہ میں شامل وہ عظیم ہستی ہیں جن کی سیرت عدل، سختی فی اللہ، تقوی اور خدمت خلق کا مرقع ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کی خلافت میں اسلام کی سرحدیں مشرق سے مغرب تک پھیل گئیں۔ ایران، شام، مصر اور بیت المقدس آپ کے دور میں فتح ہوئے، مگر فتح کے باوجود آپ کی زندگی سادگی، خشیت الہی اور رعایا کے درد میں ڈوبی رہی۔ راتوں کو مدینے کی گلیوں میں چکر لگانا، یتیموں اور بیوائوں کا حال معلوم کرنا، اور خود کندھے پر آٹے کی بوری اٹھا کر غریب کے گھر پہنچانا آپ کا معمول تھا۔




