ساہیوال(بیورو چیف)ساہیوال اور گرد و نواح میں مچھروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریو ں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مقامی آبادی کے مطابق حالیہ دنوں میں مچھروں کی غیر معمولی افزائش دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے، خصوصاً ڈینگی کے پھیلاؤ کا خطرہ شہریوں میں شدید تشویش کا باعث بن رہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال مچھر مار سپرے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ شام کے اوقات میں مچھروں کی بہتات کے باعث گھروں میں رہنا بھی دشوار ہو گیا ہے، جبکہ ڈینگی جیسے خطرناک مرض کے خدشے نے عوام میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مچھروں کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سپرے مہم شروع کی جائے، تاکہ شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جا سکے اور ڈینگی سمیت ممکنہ وبائی امراض سے بھی مؤثر بچاؤ یقینی بنایا جا سکے۔




