ساہیوال ( بیورو رپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کی ہدایات پر ساہیوال پولیس نے محرم الحرام (2026)1448 ہجری کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ساہیوال پولیس کی جانب سے طے کردہ سیکیورٹی پلان کے مطابق یکم تا 10 محرم الحرام ضلع بھر میں 800سے زائد مجالس اور 200سے زائد جلوس منعقد ہوں گے، جنہیں حساسیت کے اعتبار سے A، B اور Cکیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ Aکیٹگری میں 30سے زائد جلوس اور 120سے زائد مجالس، Bکیٹگری میں 90سے زائد جلوس اور 330سے زائد مجالس جبکہ Cکیٹگری میں 88جلوس اور 330سے زائد مجالس شامل ہیں۔ان تمام پروگرامز کی سیکیورٹی کے لیے ضلع بھر میں 6 گزٹڈ افسران، 20سے زائد انسپکٹرز و ایس ایچ اوز، 215سے زائد اپر سب آرڈینیٹ، 900سے زائد لوئر سب آرڈینیٹ، 100سے زائد خواتین پولیس اہلکار، 100سے زائد ایلیٹ فورس اہلکار، 125سے زائد ٹریفک پولیس کے افسران و جوان جبکہ 600سے زائد والنٹئیرز سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی اقدامات کو مو?ثر بنانے کے لیے جلوسوں کے روٹس پر تھری لئیر سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور حساس مقامات اور جلوسوں کے اطراف کی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔ جلوسوں کے راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ اور اسپیشل برانچ کے ذریعے مکمل طور پر کلیئر کروایا جائے گا جبکہ برقعہ پوش خواتین کی خصوصی چیکنگ کے لیے لیڈی پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ چیکنگ پر مامور اہلکاروں کے رویے اور کارکردگی کو جانچنے کے لیے باڈی کیمز کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے گا۔مجالس اور جلوس کے مقامات کے قریب پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی اور بغیر پرمٹ ہر قسم کی گاڑی کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔امن و امان کے قیام کے لیے تھانہ کی سطح پر امن کمیٹیوں کو فعال کر دیا گیا ہے جو تمام مکاتب فکر کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں کردار ادا کریں گی۔ اسی سلسلے میں جلوس و مجالس کے منتظمین اور لائسنس داران کے ساتھ خصوصی میٹنگز کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد مو?ثر طریقے سے یقینی بنایا جا سکیضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے اور جلوسوں و مجالس کی نگرانی جدید سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ جلوسوں کی بروقت مانیٹرنگ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے ڈی پی او آفس ساہیوال میں 24 گھنٹے فعال رہنے والا خصوصی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جو تمام سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو نے اس موقع پر کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران عوامی تحفظ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن و امان کی فضاء برقرار رکھنا ساہیوال پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ پولیس سے مکمل تعاون کریں، مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں اور افواہوں سے اجتناب کرتے ہوئے صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر یقین کریں۔ ساہیوال پولیس کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور ہر وقت چوکنا ہے۔




