ساہیوال ( بیورو چیف)ساہیوال میں بڑی شاہراہوں کے درمیان قائم گرین بیلٹس پر پی ایچ اے کی جانب سے لگائے گئے قیمتی کھجور کے درخت مبینہ طور پر مناسب دیکھ بھال اور بر وقت پانی نہ ملنے کے باعث تیزی سے سوکھنے لگے ہیں، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے لگائے گئے یہ درخت شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے نصب کیے گئے تھے، مگر اب ان کی حالت یہ ہے کہ کئی درخت زرد پڑ چکے ہیں جبکہ متعدد سوکھنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو سرکاری خزانے سے خرچ ہونے والی خطیر رقم زمین بوس ہو جائے گی۔ مقامی افراد کا الزام ہے کہ درختوں کی دیکھ بھال میں یکساں پالیسی نظر نہیں آتی۔ شہر کے بعض مخصوص راستوں اور اہم سرکاری گزرگاہوں پر موجود درختوں کو تو بعض اوقات پانی دیا جاتا ہے لیکن دیگر علاقوں کی گرین بیلٹس میں لگے پودے اور کھجور کے درخت بے یار و مددگار دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر درختوں کی حفاظت اور آبیاری کے لیے با قاعدہ بجٹ اور عملہ موجود ہے تو پھر قیمتی درخت خشک ہونے کے دہانے پر کیوں پہنچ گئے ہیں۔ شہریوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بیلٹس میں سوکھتے ہوئے کھجور کے درختوں کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور درختوں کی باقاعدہ دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تا کہ قومی خزانے سے خرچ ہونے والی رقم ضائع ہونے سے بچ سکے۔




