لاہور (سپورٹس نیوز) لاہور میں نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی ہے۔لاہور میں نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا، میراتھن ریس صبح 6 بجے لبرٹی رانڈ گول چکر سے شروع ہوئی جہاں ہزاروں شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے سائیکل چلا کر سائیکلنگ ریس کا افتتاح کیا۔ ایونٹ میں 21کلومیٹر ہاف میراتھن، 5کلومیٹر ریس، فیملی فن رن اور وہیل چیئر ریس بھی شامل ہے، جس نے ایونٹ کو مزید متنوع بنا دیا۔ لاہور کی سڑکوں پر ہزاروں افراد نے میراتھن میں حصہ لیا، شرکا میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نمایاں رہی۔ذرائع کے مطابق 21کلو میٹر کی اس ریس میں پہلی پوزیشن محمد اختر ، دوسری پوزیشن ایم عامر جبکہ تیسری پوزیشن ایم عرفان نیحاصل کی ہے۔21 کلو میٹر مردوں کی سائیکل ریس میں کراچی سے تعلق رکھنے والے علی الیاس نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ لاہور کے عاقب شاہ دوسرے نمبر پر رہے۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ثنااللہ نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔پانچ کلو میٹر خواتین کی سائیکل ریس میں تینوں نمایاں پوزیشنز کراچی کی خواتین کے نام رہیں، جہاں زینب نے پہلی، انیسہ نے دوسری اور رابی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ایک کلو میٹر وہیل چیئر ریس میں ملتان کے احمد شہریار نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ لاہور کے زاہد نذیر دوسرے اور نواز رشید تیسرے نمبر پر رہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ یہ پاکستان کی آفیشلی سب سے بڑی میراتھن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ صبح 5 بجے سے ہی ریس میں شرکت کیلئے موجود تھے جبکہ کئی لاہوری رات کو ہی لبرٹی پہنچ گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ لاہوریوں کو صبح 5 بجے اٹھانا مشکل کام ہے مگر مریم نواز نے یہ ممکن کر دکھایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریس کیلئے مجموعی طور پر 11 ہزار مرد و خواتین کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر کھیل نے دعوی کیا کہ پنجاب ہر شعبے میں اول نمبر پر ہے اور دیگر صوبے اس سطح کے ایونٹس منعقد نہیں کر سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریس میں حصہ لینے والے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کو نقد انعامات دیئے جائیں گے۔واضح رہے کہ چار کیٹگریز پر مشتمل ریسوں کے فاتحین میں 38 لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم ہونگے۔




